سرسی:9؍ اکتوبر(ایس اؤ نیوز)ترقی کے مخالف اورڈھونگی ماحولیاتی ماہرین کی ہراسانی کو دھتکار کر سرسی ۔ کمٹہ روڈ کی تعمیر جلد مکمل کرنے کا مطالبہ لے کر سمگر ابھیرودھی ویدیکے کی قیادت میں سیکڑوں لوگوں نے ہیگڈے کٹا کراس پر ایک گھنٹے سے زائد وقت تک سواریوں کو روک کر اپنا احتجاج درج کیا۔
سمگر ابھیرودھی ویدیکے کی قیادت میں جیو جل کاریا پڈے ، سول کانٹراکٹر سنگھا ، جے سی بی مالکان سنگھا ، انجنا دری گلئیر بلگا، سرسی نگر آٹو ڈرائیورمالکان سنگھا ، ٹرک ڈرئیور مالکان سنگھا ، سرسی ضلع ہوراٹا سمیتی ، فوٹوگرافر سنگھا، سبھاش کاریا پڈے، مارکیٹ مرچنٹ اسوسی ایشن وغیرہ کے کارکنان جدوجہد کی حمایت کرتے ہوئے احتجاج میں شریک رہے۔
جیوجل کاریاپڈے کے صدر شری نواس ہیبار نے احتجاجیوں سے خطاب کرتےہوئے کہاکہ سرسی ۔ کمٹہ روڈ کی توسیع کا کام جلدسے جلد مکمل کرکے عوام کو سہولت مہیا کی جائے۔ میونسپالٹی صدر گنپتی نائک نے کہا کہ عوامی مفاد کی خاطر روڈ کی توسیع کو لےکر ماحولیاتی ماہرین بار بار رکاوٹیں پیدا کررہے ہیں۔ آگے کہا کہ سرسی کو قومی شاہراہ اور ریلوے کا رابطہ نہ ہونے سے ترقی نہیں ہوپارہی ہے ۔ سرسی ضلع ہوراٹا سمیتی کے صدر اوپیندر پائی نے شاہراہ کی توسیع کاموں میں رکاوٹ پیدا کرنے پر ماحولیاتی ماہرین کو آڑے ہاتھوں لیتےہوئےکہاکہ اپنے گھر کی سڑک تعمیر کے لئے سیکڑوں درختوں کو کاٹنے والے ڈھونگی ماحولیاتی ماہرین عوامی مفاد کےلئے کئےجانے والے کاموں میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تنگ ظرف ماحولیاتی ماہرین کے خلاف ہماری جدوجہد لگاتار جاری رہے گی۔ سڑک بند کرنےکی وجہ سے سڑک کے دونوں طرف سیکڑوں سواریاں قطار میں کھڑی دیکھی گئیں۔
جائے احتجاج پر پہنچے آر این شٹی کمپنی کے منصوبہ جات مینجر آر بی پاٹل نے کہاکہ سڑک کی تعمیر کی شروعات کےلئے سبھی قسم کی منظوری ضروری ہے۔ پانچ کلو میٹر کے حدود میں کام جاری ہے، بارش کی وجہ سے دیری ہورہی ہے، انہوں نے یقین دلایا کہ کچھ ہی دنوں میں کام اپنی رفتار پکڑے گا۔ اسسٹنٹ کمشنر آکرتی بنسال نے کہاکہ سرسی۔ کمٹہ روڈ کی تعمیر ات کو لے کر ہر 10دنوں میں ایک مرتبہ جائزہ میٹنگ منعقد کی جارہی ہے، انہوں نے کہا کہ کام میں تیزی لانے کے لئے متعلقہ محکمہ جات کے افسران کو ہدایت دی جائے گی۔ اس موقع پر میونسپالٹی صدر، نائب صدر سمیت کئی اداروں کےعہدیداران ، کارکنان اور عوام موجود تھے۔